26 ستمبر ، 2017
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے 28 ستمبر کو کرکٹ کے نئے قوانین کا نفاذ کردیا جائے گا جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلنے جانے والا پہلا ٹیسٹ ان نئے قوانین کے تحت کھیلا جائے گا۔
کرکٹ قوانین میں تبدیلی اور نئے قوانین متعارف کے بعد امپائرز کو آن فیلڈ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے پلیئرز کو میدان سے باہر بھیجنے اور حریف ٹیم کو پینلٹی رنز دینے کا اختیار مل گیا ہے۔
نئے قوانین میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی جانب سے رواں اپریل میں متعارف کروائے گئے تھے۔
نئی ترامیم کے تحت پلیئرز کے آن فیلڈ کنڈکٹ کو 4حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے تحت میچ کے دوران نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے پلیئر کو محدود مدت سے لے کر مکمل اننگز کیلئے میدان سے باہر کرنا اورحریف ٹیم کو 5پینلٹی رنز دینا فوری سزا میں شامل ہے۔
لیول تھری اور فور میں اگر کپتان پلیئر کو باہر بھیجنے سے انکار کرتا ہے تو امپائر کو حق حاصل ہوگا کہ وہ حریف ٹیم کوفاتح قرار دیدے۔
نئے قوانین کے تحت ہیندلڈ دی بال کے قانون کو ختم کرکے اسکو آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ میں شامل کردیا گیا ہے جبکہ بیٹ کے سائز کے حوالے سے بھی نئے قوانین متعارف کرادیئے گئے ہیں۔
ایم سی سی نے اعلان کیا تھا کہ بلوں کے سائز کی چوڑائی 108 ملی میٹر، گہرائی 67 ملی میٹر اور کنارے 40ملی میٹر تک محدود رکھی جائے گی۔