Time 27 ستمبر ، 2017
کھیل

سری لنکا کیخلاف یاسر شاہ اہم بولر ہوں گے، سرفراز احمد

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف یاسر شاہ سب سے اہم بولر ہوں گے جس پر کافی انحصار کیا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز کل ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔

ابوظہبی میں پریکٹس سیشن کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز چیلنجنگ ہے اور تمام کھلاڑی اچھی کارکردگی پیش کرنے کے لئے پرامید ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم بہت متوازن ہے لیکن یاسر شاہ ہمارے سب سے اہم بولر ہیں جن پر انحصار ہوگا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ تینوں فارمیٹ میں قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے اور سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے کافی پرجوش ہوں۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور سری لنکا سے کہوں گا کہ وہ پاکستان کا دورہ کرے اور کرکٹ کھیلے۔ 

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کے کپتان دنیش چندی مل کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی غیرموجودگی کا فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کریں گے، ہماری تیاری مکمل ہے اور امید ہے کہ وہ بھی بہتر پرفارم کریں گے۔

مزید خبریں :