Time 28 ستمبر ، 2017
کھیل

یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے اسپنر

یاسر شاہ ٹیسٹ کی تاریخ میں سب سے تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے اسپنر بن گئے ہیں۔

یاسر شاہ نے یہ کارنامہ سری لنکا کے خلاف ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں انجام دیا۔

یاسر شاہ نے مجموعی طور پر اپنے 27 ویں ٹیسٹ میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے اور ان سے قبل آسٹریلیا کے کلیری گریمیٹ نے 28 میچوں میں 150 وکٹیں حاصل کیں۔

یاسر شاہ کے بعد پاکستان کے ہی سعید اجمل 29 ٹیسٹ میچوں میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے پاکستان کے دوسرے بولر ہیں۔

اس کے علاوہ یاسر شاہ وقار یونس کے بعد تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی بولر بھی بن گئے ہیں۔

تیز ترین 150 وکٹیں لینے والوں میں پہلا نمبر انگلینڈ کے سڈنے بارنس کا ہے جنہوں نے 24 میچوں میں 150 وکٹیں حاصل کیں جب کہ وقار اور یاسر شاہ نے 27،27 میچوں میں 150 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

دنوں کے اعتبار سے یاسر شاہ نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے 2 سال 341 دن میں 150 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا اور اس لحاظ سے وہ تیسرے نمبر پر ہیں۔

جب کہ آسڑیلیا کے مچل جانسن 2 سال 139 دن میں 150 وکٹیں لینے والے پہلے بولر ہیں جس کےبعد انگلینڈ کے گریم سوان 2 سال 250 دنوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

آسٹریلیا کے شین وارن چوتھے نمبر پر ہیں جنہوں نے 150 وکٹیں لینے میں 2 سال 356 دن لگائے۔

اب اگر گیندوں کی بات کی جائے تو آسٹریلیا کے اسٹارٹ میک گل نے 8 ہزار 312 گیندوں پر 150 وکٹیں لیں، بھارت کے ایشون نے 8 ہزار 380 جب کہ یاسر شاہ نے 8 ہزار 395 گیندوں پر 150 وکٹیں لیں اور ٹاپ تھری کی لسٹ میں تینوں بولروں کا بالترتیب پہلا دوسرا اور تیسرا نمبر ہے۔

مزید خبریں :