پاکستان
Time 28 ستمبر ، 2017

نوازشریف کے بچوں اور داماد کے وارنٹ گرفتاری لندن کے پتے پر ارسال

اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے جاری نوازشریف کے بچوں اور ان کے داماد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری لندن کے پتے پر ارسال کردیئے گئے ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں پیش نہ ہونے پر مریم، حسن اور حسین نواز سمیت کیپٹن (ر) صفدر کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے اور انہیں 2 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عدالت سے جاری قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری نواز شریف کے بچوں کو لندن کے پتے پر ارسال کردیئے گئے ہیں جب کہ مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو بھی لندن کے پتے پر طلبی کا وارنٹ بھجوایا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وارنٹ گرفتاری حسین نواز، حسن نواز اور مریم نواز کے نام پر ہیں جن پر ایون فیلڈ فلیٹس لندن کا پتا درج ہے جب کہ وارنٹ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے بھجوائے گئے۔

واضح رہے کہ نیب ریفرنس پر احتساب عدالت نے نوازشریف پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے جب کہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔

نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف تین اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس دائر کیا ہے۔


مزید خبریں :