04 اکتوبر ، 2017
لاہور: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف جو فیصلہ آیا اس کا اصل فیصلہ این اے 120 کے عوام نے دیا۔
لاہور کے الحمرا ہال میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے کہا کہ ہم سب کی طرف سے آپ کو مبارک ہو، این اے 120 کا ہر ووٹر مبارکباد کا مستحق ہے، یہ کامیابی ہماری قومی تاریخ کا سنہرا ورق بن چکی ہے، ہم نے یہ ایک حلقے کا انتخاب نہیں جیتا، یہ وقت کی عدالت میں حق اور انصاف کی گواہی ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ وہ جو فیصلہ نوازشریف کے خلاف آیا اس پر اصل فیصلہ این اے 120 کے عوام نے دیا، آپ نے ثابت کیا کہ اصل فیصلہ عوام کا ہے، یہ صرف 15 ہزار کی لیڈر نہیں، اسے 10 سے ضرب دو اتنی لیڈ بنتی ہے، جن حالات میں الیکشن لڑا اس پر آپ سب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں نے مریم سے جس عقیدت کا ثبوت دیا میرے پاس اس کا شکریہ ادا کرنے کے الفاظ نہیں، میں اپنی بیگم کا علاج کرارہا تھا، مریم پر جس طرح پھول نچھاور ہوئے میرا دل کرتا ہے ایک ایک ووٹر کا ماتھا چوموں اور پھول نچھاور کروں۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے مسلم لیگ اور میرا مان رکھا ہے، یہی جذبہ رہا تو پاکستان آگے بڑھے گا اور سازشیں ٹوٹ جائیں گی، یہ جذبہ آپ نے سلامت رکھنا ہے، آپ کے ووٹ کا تقدس بحال ہوگا، آپ کے ووٹ سے جو حکومت بنے گی وہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنے گی جو ناقابل شکست ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 18،18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، آج وہ لوڈشیڈنگ کہاں گئی، آپ سے نوازشریف نے وعدہ کیا تھا ہم لوڈشیڈنگ ختم کریں گے، آج لوڈشیڈنگ آخری دموں پر ہے، کارخانوں اور گھروں میں بجلی آرہی ہے، کیا کبھی ہم سے پہلے کسی حکومت نے اس طرح اپنا وعدہ پورا کیا ہے، عوام مجھے خوش کرنے کے لیے نہیں سوچ کر بتائیں۔
میاں نوازشریف نے کہا کہ سی این جی اسٹیشنوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوتی تھیں، اب بجلی سستی ہورہی ہے، ہم نے پیٹرول سستا کیا اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ہم نے کراچی کی روشنیاں بحال کیں اور ملک میں سی پیک لے کر آئے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ترقی کرتا ہوا عروج پر جارہا تھا، یکا یک نوازشریف کی نااہلی کی تلوار چلا دی گئی، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ مجھے کیوں نکالا گیا، آپ کو آتی ہے تو بتائیں، نوازشریف نے بیٹے سے تنخوا نہیں لی جس پر گھر بھیج دیا، کالے کوٹ والے بتائیں آپ کی سمجھ میں یہ بات آتی ہے، نوازشریف کو نکالا گیا یہ صحیح کیا یا غلط کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ فیصلہ ہے جو اسلام آباد سے آیا اور اسے قوم نے قبول نہیں کیا، اب عوام بتائیں میں کیا کروں، جو میں کروں گا کیا آپ اس میں میرا ساتھ دیں گے۔
نواشریف کا کہنا تھا کہ ایسا جذبہ کبھی نہیں دیکھا، مجھے اس جذبے سے بڑی امید ہے، یہ جذبہ پاکستان کی تقدیر بدلے گا اور ہمیں بلندیوں تک لے کر جائے گا، عوام وعدہ کریں میرے سنگ سنگ چلیں گے۔
اس موقع پر میاں نوازشریف نے ایک شعر بھی سنایا
’ہے نئی روش کی عدالتیں اور نرالے ہی ڈھب کے فیصلے
نہ نظیرہے نہ دلیل ہے نہ وکیل ہے نہ اپیل ہے‘
نوازشریف کے خطاب سے قبل الحمرا ہال میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے کارکنان آپس میں لڑپڑے اور تقریب میں بد نظمی پیدا ہوگئی۔