07 اکتوبر ، 2017
سیریز کے دوسرےاور آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
پاکستان کے سلامی بلے باز شان مسعود اور سمیع اسلم نے اننگ کا آغاز کیا ہے۔
دبئی میں جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں سری لنکا کی پوری ٹیم 482 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
اس سے قبل دوسرے روز کا کھیل سری لنکا نے 3 وکٹوں پر254رنز سے شروع کیا تھا اور پہلے ہی سیشن میں 282 کے مجموعی رنز پر کپتان چندی مل اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
سری لنکا کی پانچویں وکٹ ڈیک ویلا کی گری جنہیں محمد عباس نے 52 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی جب کہ چھٹی وکٹ 429 کے مجموعی اسکور پر گری اور کرنرتنے 196 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی آخری چار وکٹیں 53 رنز کا اضافہ کرسکیں اور پوری ٹیم 482 رنز پر آؤٹ ہوئی۔
سری لنکا کی جانب سے سلامی بلے باز کرنرتنے نے شاندار کھیل پیش کیا اور 196 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اسی میچ میں کرنرتنے نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کے 3 ہزار رن بھی مکمل کرلیے ہیں اور وہ 3 ہزار رنز بنانے والے سری لنکا کے 12 ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔
سری لنکا کے کپتان چندی مل 62، پریرا 58 اور ڈیک ویلا نے 52 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد عباس 2 ، وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب پاکستان کو دبئی ٹیسٹ میں ایک دھچکا بھی لگا ہے اور محمد عامر انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔
محمد عامر کو دائیں پنڈلی میں تکلیف کی شکایت سامنے آئی ہے اور وہ تیسرے سیشن میں دو گیندیں کرانے کے بعد ہی میدان سے واپس چلے گئے۔
فاسٹ بولر کو فوری طور پر ایم آر آئی کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں ٹیسٹ ہونے کے بعد ان کے سیریز میں دستیاب ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ ہوسکے گا۔
محمد عامر کی جگہ عثمان صلاح الدین متبادل فیلڈر کے طور پر میدان میں آئے ہیں۔
گرین کیپس کے خلاف سیریز میں 0-1کی برتری رکھنے والے کپتان چندی مل نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
سرفراز احمد نے سری لنکن بیٹنگ لائن اپ میں دراڑ ڈالنے کے لیے 6 بولرز آزمائے ہیں جن میں سے یاسر شاہ نے 3، محمد عامر اور محمد عباس نے اب تک ایک ایک وکٹ لی ہے۔
سری لنکا کے ہاتھوں اگر قومی ٹیم کو شکست ہوئی تو پاکستانی ٹیم 7 سال بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر چلی جائے گی، اس وقت قومی ٹیم چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے۔
یاد رہے سری لنکن ٹیم کا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہے جو کہ گلابی گیند سے کھیلا جارہا ہے جب کہ پاکستانی ٹیم کا یہ تیسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی اور آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں گلابی گیند کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلے تھے۔