08 اکتوبر ، 2017
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے انجن اور بوگیوں کی باقاعدہ نقاب کشائی کردی۔
تقریب رونمائی سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میٹرو ٹرین پہلا منصوبہ ہےجس پر پورے پاکستان کی نظریں لگی ہیں، یہ چین کا نہ صرف اہل لاہور بلکہ اہل پاکستان کے لیے بہت بڑا تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین کے ذریعے روزانہ لاکھوں افراد شاندار طریقے سے اس پر سفر کریں گے، لاکھوں لوگوں کو روزانہ بلا تاخیر منزل مقصود تک پہنچایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے سے ڈھائی لاکھ لوگ مستفید ہوں گے، دنیا بھرمیں پبلک ٹرانسپورٹ سبسڈی پرہوتی ہے کمائی کا ذریعہ نہیں ہوتی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ2014 میں اسلام آباد میں دھرنے دے کرپاکستان کے7ماہ ضائع کیےگئے، لاک ڈاؤن کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی، وقت آگیا ہے کہ ان لوگوں کا پول کھول دیا جائے اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ نوجوانوں کو غلط راہ پر لگانے والوں کا پول کھول دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی گدھ ملک کی ترقی نہیں چاہتے، یہ قوم کی خوشحالی کو نوچ رہے ہیں، عوام اپنے دشمنوں کو پہچانیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میٹروبس پر نیازی صاحب اوران کے نیاز مندوں نے تنقید کی، الزام لگایا گیا کہ منصوبوں میں اتفاق فاؤنڈری کا لوہا استعمال ہورہا ہے جبکہ اسے بند ہوئے 20 سال ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الزام لگایا گیاکہ میٹرو منصوبے پر 70 ارب کی کرپشن ہوئی ہے، 35 ارب کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو عوام کے ہاتھ اور میرا گریبان۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر خیبرپختونخوا میں بھی ن لیگ کی حکومت ہوتی تو پشاور میٹرو بن چکا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب آپ کے لاہور کے عہدیدار نے اورنج لائن کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کی لیکن جب ڈینگی آتا ہے تو آپ پہاڑوں پر چلے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میٹرو ٹرین منصوبے پر عدالت کا جو بھی فیصلہ آئے گا ہم اسے تسلیم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین سمجھتےہیں کہ اورنج لائن منصوبہ 2018 سے پہلے مکمل ہوا تو لاہور والے ووٹ ن لیگ کو دیں گے۔
بجلی سے چلنے والی آٹو میٹک ائیرکنڈیشنڈ اورنج لائن ٹرین 5 بوگیوں پر مشتمل ہے جس میں ایک ہزار افراد سفر کر سکیں گے۔
ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک 27 کلومیٹر طویل روٹ پر 27 اورنج ٹرینیں رواں دواں نظر آئیں گی اور میٹرو ٹرین 27 کلو میٹر کا فاصلہ 45 منٹ میں طےکرے گی۔
ایک ٹرین میں ایک ہزار مسافروں کی گنجائش ہے، 200 افراد بیٹھ کر جبکہ 800 مسافر کھڑے ہو کر سفر کر سکیں گے۔
اورنج لائن ٹرین کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین چین کا پاکستان کو تحفہ ہے جس میں روزانہ ڈھائی لاکھ لوگ سفر کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین پر زندگی کے ہر شعبے کے لوگ سفر کرسکیں گے، ان کا مشن عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین اورنج لائن ٹرین کو چلنے نہیں دینا چاہتے اس لئے لاہور کے عوام انہیں پہچانیں۔
انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ایک شہر کا نہیں بلکہ پورے ملک کا منصوبہ ہے، مخالفین روڑے اٹکاتے رہیں لیکن ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہےگا جب کہ عدالت اورنج لائن منصوبے پر جو بھی فیصلہ دے گی اس پر عمل کریں گے۔