10 اکتوبر ، 2017
سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 68 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔
317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے پانچویں دن 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز سے شروع کی لیکن آخری پانچوں بیٹسمین زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے۔
کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق نے چھٹی وکٹ کیلئے 173 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 225 کے مجموعے پر کپتان سرفراز احمد 68 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
سرفراز کے بعد محمد عامر بیٹگ کے لیے آئے مگر وہ بھی صرف چار رنز بناکر دلروان پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 244 رنز پر یاسر شاہ کی گری جنہوں نے 23 گیندیں کھیل کر 5 رنز بنائے۔ اس کے اگلے ہی اوور میں اسد شفیق بھی لکمل کی گیند پر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اسد شفیق نے پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ 112 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کے دسویں وکٹ 248 رنز پر اس وقت گری جب وہاب ریاض ایک رنز بنا کر ہیراتھ کا شکار بنے۔
سری لنکا کی جانب سے پریرا نے 98 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ہیراتھ نے 57 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں پہلی اور تقریباً 10 سال بعد کسی ہوم ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس سے قبل 2007 میں پاکستان کو دبئی میں جنوبی افریقا کے خلاف ایک صفر سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کاکہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم نے بہترین بیٹنگ اور بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹیسٹ سیریز سےکافی کچھ سیکھا، کوشش ہوگی کہ آیندہ جب بھی سیریز ہو غلطیاں نہ دہرائیں۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سرفراز کا کہنا تھا کہ ایشیا کی وکٹوں پر ٹاس ہارنے کے بعد میچ میں واپس آنا کافی مشکل ہوتا ہے مگر پھر بھی پاکستان ٹیم نے دونوں میچوں میں کم بیک کیا مگر وہ میچ نہ جیت سکے۔
یاد رہے مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کی کسی بھی ملک کے خلاف یہ پہلی ٹیسٹ سیریز تھی۔
سری لنکا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد پاکستان کی رینکنگ بھی متاثر ہوئی ہے اور اب قومی ٹیم آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم گزشتہ سال اگست سے اکتوبر تک آئی سی سی رینکنگ میں پہلے نمبر پر تھا۔