Geo News
Geo News

Time 11 اکتوبر ، 2017
پاکستان

پی ٹی آئی والے نیا پاکستان کیا ایک گاؤں بھی نہ بناسکے، زرداری

مانکی شریف: پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی والے نیا پاکستان بنانے کی بات کرتے ہیں یہ ایک گاؤں نہ بناسکے اور انہوں نے تو خیبر بینک کو بھی نہ چھوڑا۔

نوشہرہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ آج پرویز خٹک کے گاؤں میں ہوں، یہ لوگ کہتے ہیں نیا پاکستان بنائیں گے لیکن یہ ایک گاؤں بھی نہیں بناسکے، پرویز خٹک کو جانتا ہوں یہ میرے دفتر میں بیٹھے ہوتھے تھے۔

آصف زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت میں اتنی لوڈشیڈنگ اور ہر قسم کا فراڈ ہے، جن کو ہم نے نوکریاں دیں، ان لوگوں نے انہیں نکالا، ہم نے ہزاروں لوگوں کو ہائیکورٹ سے بحال کرایا، یہ لوگ ہر قسم کا سیاسی انتقام لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مک مکا کی سیاست کرتی ہے، سینیٹ میں اے این پی اور پی ٹی آئی نے حکومت کو ووٹ دیا، یہ لوگ دکھاوے کی سیاست کرتے ہیں ان کی ہر چیز میں دکھاوا ہے، انہوں نے خیبر بینک نہیں چھوڑا۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ میں نے پختونوں کو شناخت آج کے لیے نہیں دی، اس دن کے لیے دی کہ کہیں ہمارا دشمن بھارت پختونخوا میں نہ گھسے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کو خطرہ ہے، ہم ہر مشکل اور مصیبت کو ٹھیک کریں گے اور عوام کے ساتھ مل کر خیبرپختونخوا کو بھی خوشحال کریں گے، پختون اپنے آپ کو پاکستان سے جوڑ کر رکھیں۔