کھیل
Time 14 اکتوبر ، 2017

’سری لنکن کھلاڑیوں کا لاہور میں ٹی 20 نہ کھیلنے کیلئے بورڈ کو خط‘

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنے بورڈ کو ایک خط کے ذریعے لاہور میں ٹی 20 میچ کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ نیوٹرل مقام پر منعقد کیا جائے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ساتھ 40 کھلاڑیوں نے کنٹریکٹ کر رکھا ہے جن کی اکثریت خط لکھنے والوں میں شامل ہے۔

تاہم حال ہی میں پاکستان آنے والی ورلڈ الیون ٹیم میں شامل سری لنکن کھلاڑی تھسارا پریرا نے اس خط پر دستخط نہیں کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ سے اس مسئلے پر جلد از جلد نظر ثانی کرے گا تاہم دو طرفہ سیریز میں خلل نہ ڈالنے کے لیے اس وقت سری لنکن بورڈ نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورد کے ذرائع کاکہنا ہےکہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال ایسا کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور کوئی اطلاع بھی نہیں دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اس وقت دبئی میں ایک روزہ سیریز کھیلی جا رہی ہے جس کے بعد تین ٹی 20 میچوں کی سیریز ہوگی۔

ٹی 20 سیریز کے 2 میچ متحدہ عرب امارات جب کہ ایک لاہور میں کھیلنے کی تجویز ہے۔

اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حکام کی سری لنکن کھلاڑیوں سے میٹنگ بھی طے ہے تاکہ لاہور میں سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے کھلاڑیوں کے تحفظات کو دور کیا جاسکے۔

واضح رہےکہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے پر دورہ پاکستان کے دوران لاہور میں حملہ کیا گیا تھا جس میں کچھ کھلاڑی معمولی زخمی بھی ہوئے تھے۔

مزید خبریں :