Time 15 اکتوبر ، 2017
پاکستان

عقیدہ ختم نبوت آئین کا اٹوٹ حصہ ہے، معاملے کو سیاست کی آلائش سے پاک رکھا جائے، نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ہمارے آئین کا اٹوٹ حصہ بن چکا ہے، اس معاملے کو سیاسی آلائشوں سے پاک رہنے دیا جائے۔

ایک اعلامیے میں ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر منفی اظہار خیال کا ن لیگ کے نظریے اور پالیسی سے کوئی تعلق نہیں، انتخابی بل میں غلطی،کوتاہی یا لغزش کا فوری ازالہ کردیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ ختم نبوت کا معاملہ اب ہمیشہ کے لیے طے ہوچکا ہے اور اسے سیاسی آلائشوں سے پاک رہنے دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ معاملے پر تمام پارلیمانی جماعتوں کے شکر گزار ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ ختم نبوت پر مکمل اور غیر متزلزل ایمان جزو اسلام ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی اور سماجی آزادی کو یقینی بنانا اب ایک آئینی تقاضا ہے، بابائے قوم نے پاکستان کے تمام طبقوں کو مذہبی،سماجی آزادی کی ضمانت دی تھی، اس آزادی سے انحراف کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

مزید خبریں :