Time 17 اکتوبر ، 2017
کھیل

ناکامیوں کے بھنور میں پھنسے احمد شہزاد کو ایک اور موقع مل سکے گا؟

متعدد مواقع ملنے کے باوجود مسلسل مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے احمد شہزاد کے حوالے سے اب سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ کیا ابتدائی دو میچز میں صرف 8 رنز بنانے والے قومی ٹیم کے سلامی بلے باز کو سری لنکا کے خلاف تیسرے میچ میں موقع مل سکے گا۔

اس سال 7 اپریل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 83 گیندوں پر 6 چوکوں کے ساتھ 67 رنز اسکور کر نے والے احمد شہزاد نے نصف سنچری بنانے کے بعد ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں کی تالیوں کے جواب میں “بلا” لہرا کر جواب دیتے ہوئے، شائد یہ سوچا بھی نہیں ہوگا کہ اس کے بعد وہ مشکلات کا سفر شروع کر نے والے ہیں، اور اگلے پانچ میچوں میں وہ محض 28 ہی رنز اسکور کر سکیں گے۔

اور اب نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ خراب فارم پر انھیں ٹیم سے ڈراپ کر دے، تاہم دوسرے ون ڈے میں 32 رنز سے جیتنے والی ٹیم کیا ابوظہبی میں ایک دن کے وقفے کے بعد تیسرے ون ڈے میں احمد شہزاد کے ساتھ میدان میں اترے گی، ابھی اس کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔

ممکن ہے کہ ٹیم مینجمنٹ 81 ون ڈے میں 6 سینچریاں اور 14 نصف سینچریاں بنانے والے دائیں ہاتھ کے سلامی بلے باز کو آخری موقع دے۔

یہ بھی ممکن ہے کہ احمد شہزاد کی جگہ چیف سلیکڑ انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کو ون ڈے ڈیبیو کروا دیا جائے، البتہ اس کا فیصلہ شیخ زید اسٹیڈیم پہنچ کر ہو گا۔

مزید خبریں :