18 اکتوبر ، 2017
وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں تاہم پولیس پر حملے کے سہولت کاروں کو جہنم واصل کریں گے۔
کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کے ٹرک کے قریب دھماکے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہم یہ جنگ لڑیں گے، ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم کمزور نہیں کرسکتے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اور ایف سی کو پیشگی ایکشن کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، دہشت گردوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مشکل دشمن کے ساتھ لڑیں گے اور کامیاب ہوں گے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پہلے وزیرستان میں بیٹھ کر منصوبہ بندی کرتے تھے لیکن آج ہمارے خلاف حملوں کے لئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' اور 'این ڈی ایس' پاکستان میں حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی مدد کررہی ہیں تاہم اس حملے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔