Time 18 اکتوبر ، 2017
کھیل

امام الحق کی ڈبیو پر سنچری،پاکستان میچ و سیریز کا فاتح

پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے میچ میں امام الحق کی سنچری اور حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت 7 وکٹوں سے شکست دیدی اور 5 میچ کی سیریز میں 3-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔

ابو طبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 48 اعشاریہ 2 اوورز میں 208رنز پر آئوٹ ہوگئی ،جواب میں پاکستان نے ہدف 43ویں اوورز میں3 وکٹوں پرباآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان کی طرف سے ڈبیو میچ میں اوپنر امام الحق نے سنچری اسکور کی اور ایک روزہ ٹیم میں اپنی سلکشن کو درست ثابت کردیا، وہ 100 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

وہ اپنے پہلے میچ میں سنچری بنانے والے دنیا کے 13ویں اور دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے، اس سے قبل ستمبر 1995 ء میں ہوم سیریز کے دوران سلیم الٰہی نے سری لنکا کے ہی خلاف سنچری اسکور کی تھی۔

پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور امام الحق نے کیا اور پہلی وکٹ پر 78رنز کی شراکت قائم کی ، فخرزمان 29رنز پر ویندرسے کا شکار بنے۔

دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور امام الحق نے مجموعی اسکور میں 66رنز کا اضافہ کیا، 144 کے اسکور پر گزشتہ دو میچوں کے سنچری میکر بابراعظم 30 رنز بناکر گماگے کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے۔

تیسری وکٹ پر محمد حفیظ اور امام الحق نے 59رنز کی شراکت قائم کی، امام الحق نے 5چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے پورے 100رنز بنائے اورپہلے ہی میچ میں سنچری بنانے پر سجدہ شکر ادا کیا، پریرا نے انہیں واپسی کا راستہ دکھایا۔

محمد حفیظ 34 اور شعیب ملک صفر رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، سری لنکا کی طرف سے پریرا، ویندرسے اور گماگے نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان اپل تھرنگا 61،پریرا 38،تھریمانے 28رنز کی بدولت 208 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے شاندار پرفارمنس دی اور 10 اوورز میں 34رنز دے کر 5وکٹ حاصل کی، وہ کم میچز کھیل کر 50وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔

مزید خبریں :