19 اکتوبر ، 2017
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک قرار دیدیا۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق باؤلنگ کراتے وقت باؤلر کے ہاتھ کا خم 15 ڈگری کے اندر ہونا چاہیے۔
سری لنکا کے خلاف ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں میچ آفیشلز نے محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو رپورٹ کیا تھا۔
آئی سی سی قوانین کے تحت حفیظ کو 14 روز میں اپنے ایکشن کی جانچ کروانی ہو گی تاہم اس دوران وہ باؤلنگ کروا سکیں گے۔
اس سے قبل محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں دو مرتبہ مشکوک قرار دیا جا چکا ہے۔
محمد حفیظ 2014 سے باؤلنگ ایکشن باؤلنگ ایکشن مشکوک ہونے پر آئی سی سی کے ریڈار میں آ رہے ہیں۔
حفیظ کو ایک سال میں دوسری مرتبہ غیر قانونی ایکشن پر جولائی 2015 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک سال کے لئے باؤلنگ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس وقت کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کا انگلینڈ میں باؤلنگ ٹیسٹ کروانے سے قبل، باؤلنگ کوچ کارل کرووے کی خدمات حاصل کیں لیکن حفیظ نے فٹنس مسائل کے باعث ٹیسٹ نہیں کروایا تھا۔
ایک سال کی پابندی کے بعد حفیظ نے نومبر 2016 میں آسٹریلیا میں باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کروایا جس کے کلیئر ہونے پر انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ باؤلنگ شروع کی تھی۔
اس کے علاوہ حفیظ کا 2016 میں قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں بھی ایکشن رپورٹ ہوا تھاجس کی وجہ سے وہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں باؤلنگ کروانے سے قاصر رہے۔