22 اکتوبر ، 2017
سرفراز احمد کی قیادت میں سری لنکا کے خلاف یو اے ای میں پاکستان کرکٹ ٹیم سیریز کے لئے ایک ماہ سے ٹھری ہوئی ہےجبکہ گذشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے “ بکی” کے بعد قومی ٹیم نے پہلی بار پریکٹس کی۔
یہ قومی ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن تھا جس کے لیے تاریخی شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکوریٹی کے حوالے سے غیر معمولی انتظامات نہیں تھے جبکہ چند سیکوریٹی اہلکار اسٹیڈیم کے داخلی دروازے پر اور گنتی کے اہلکار پاکستان ٹیم کے ڈریسنگ روم کے باہر موجود تھے۔
پاکستانی کرکٹرز بھی ہشاش بشاش تھے اور ان پر کسی قسم کے دباؤ کے اثرات نہیں تھے۔
کپتان سرفراز احمد جو “بکی” سے رابطے کی خبر کے بعد خبروں میں تھے، اسٹیڈیم پہنچ کر کوچ مکی آرتھر کے ہمراہ پہلے ڈریسنگ روم میں بیٹھے اور پھر انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ فٹ بال کھیلی، کچھ دیر دوڑ لگانے کے بعد وہ بیٹنگ پریکٹس بھی کرتے رہے۔
میڈیا کے نمائندے جو قومی ٹیم کی آمد سے پہلے ہی اسٹیڈیم پہنچ گئے تھے،انھیں کسی قسم کے غیر معمولی انتظامات اور سیکوریٹی چیک کے مرحلے سے قطعی نہیں گزرنا پڑا تھا۔
کوچ مکی آرتھر کے علاوہ قومی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے میڈیا مینیجر رضا راشد کی اجازت کے ساتھ گفتگو کی اور انڑویوز ریکارڈ کروائے۔
بحیثیت مجموعی سب کچھ پہلے جیسا ہے تاہم پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو “بکی” سے رابطے کے بعد نا تو کھلاڑیوں کے ساتھ سختی کی گئی نا ہی کھلاڑی دباؤ کا شکار ہیں۔