Time 24 اکتوبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

’گول مال اگین‘ اور ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کی کمائی کی الجھن سلجھن

ابھی ’گول مال 4‘ اور ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کی ٹکر کے ابتدائی نتائج ہی آئے تھے اور سب اسی بزنس کو سمجھنے میں لگے ہوئے تھے کہ یہاں پاکستان میں دسمبر میں ریلیز ہونے والے بڑے ٹاکرے کی فلموں کے ٹریلر ریلیز ہوگئے۔

ایک ہدایتکار شان کی” ارتھ“ دوسری بلال اشرف کی ’رنگ ریزہ‘ اتفاق سے دونوں فلموں کی کہانی کا بیک ’گراؤنڈ میوزک‘ ہے لیکن اس وقت ان دونوں فلموں سے زیادہ گونج شعیب منصور کی چونکا دینے اور سب کو جگادینے والی فلم”ورنہ “ کی ہے۔

’ورنہ‘ شعیب منصور کی 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’خدا کے لیے‘اور 2011  کی فلم ’ بول‘ کے بعد تیسری فلم ہے۔

لہذا اب شعیب منصور کے بارے میں کسی کو کیا بتایا جائے۔

شعیب منصور کی ’ان کہی‘، ’ففٹی ففٹی‘، ’سنہرے دن‘، ’الفا براوو چارلی‘، اسٹیج شوز، ایوارڈ شو، ٹریول شو، ’دل دل پاکستان‘ سمیت مشہور گانے ، ویڈیوز اور پھر خدا کیلئے اور بول جو بنایا وہ معیاری تو تھا ہی، ساتھ میں سپر ہٹ بھی ہوا۔

ان کے معیار اور کامیابی کا ٹریک ریکارڈ ایسا ہے کہ کوئی بالی وڈ کا سپر اسٹار، میگا اسٹار ہدایت کار بھی شعیب منصور کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

گول مال اگین بمقابلہ سیکرٹ سپر اسٹار

مقابلہ تو اس وقت بالی وڈ میں ہورہا ہے اور وہاں کے بزنس نے سب کو گھما کر رکھ دیا ہے۔ 

سب عامر خان کیلئے سوچ رہے ہیں کہ انھوں نے اپنی فلم 'سیکرٹ سپر اسٹار' کو اجے دیوگن اور روہت شیٹھی کی کامیڈی انٹرٹینمنٹ فلم سیریز’گول مال اگین‘ کے سامنے کیوں ریلیز کی۔

اس وقت تک ’گول مال اگین‘  چار روز کے دوران سو کروڑ کا چھکا لگا چکی ہے دوسری طرف ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کے اکاؤنٹ میں پانچ دنوں میں صرف 40 کروڑ بھارتی روپے آئے ہیں۔

سب شاید یہ سوچ رہے ہیں کہ ’گول مال اگین‘ نے ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کو اڑا کر رکھ دیا ہے جب کہ در حقیقت ایسا نہیں۔

ان دونوں فلموں کی الجھی ہوئی” کیلکولیشن“ ہم آپ کو سمجھاتے ہیں۔

’گول مال اگین‘ نہ صرف اپنے لیے کما رہی ہے بلکہ اس فلم سے ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کو بھی فائدہ ہورہا ہے، ایک تو ’گول مال اگین‘  اور ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کے بجٹ میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کا بجٹ عامر کی فیس لگا کر بھی 50 کروڑ کا بھی نہیں اور دوسری طرف ’گول مال اگین‘  کا بجٹ لگ بھگ 100 کروڑ کے آس پاس ہے۔

یعنی ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ اگر صرف اپنے دیس میں 100 کروڑ اور’گول مال اگین‘  200 کروڑ کماتی ہیں تو دونوں فلموں کا بزنس ایک ہوگا کیونکہ ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ ڈسٹری بیوٹرز کو سستی لیکن ’گول مال اگین‘ مہنگی بیچی گئی ہے۔

ایک اور دلچسپ بات’گول مال اگین‘ 3500 کے قریب سینما گھروں میں ریلیز کی گئی ہے اور وہیں دوسری طرف ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ صرف 1700 اسکرینز پر ریلیز کی گئی ہے۔

یعنی یہاں سے بھی آپ سیکرٹ سپر اسٹار کے باکس آفس پر کمزور ہونے کے تاثر کو رد کرسکتے ہیں۔

تیسری اور سب سے اہم بات بھارت سے باہر دنیا بھر میں’گول مال‘ کی پوری بارات اور ڈائریکٹر کی اتنی ”فالوئنگ“ نہیں جتنا عامر خان کی ہے۔

اس فلم کی انٹرنیشنل ریلیز ڈیٹ بھی بہت مناسب ہے جب پوری دنیا میں کوئی ہالی وڈ کی فلم اچھا بزنس نہیں کر پارہی اور پھر صرف چین میں عامر خان کی دنگل نے 12 ارب بھارتی روپے کمائے تھے اور ابھی 'سیکرٹ سپر اسٹار' چین میں ریلیز نہیں ہوئی۔

’سیکرٹ سپر اسٹار‘ اپنے دیس کے علاوہ دنیا بھر کے ہزار سے زائد سینما اسکرین پر ریلیز کی گئی ہے۔

’گول مال اگین‘ کی انٹرنیشنل ریلیز صرف 750 اسکرین پر کی گئی ہے یعنی ڈالرز میں کمائی کی وجہ سے اوورسیز میں 'سیکرٹ سپر اسٹار' کا پلڑا بھاری ہوگا۔ 

پھر پہلے ویک میں تو ’گول مال اگین‘  اپنے دیس میں بہت آگے ہے لیکن عامر خان کی فلمیں دوسرے اور تیسرے ہفتے میں بزنس کو بڑھانے کیلئے مشہور ہیں۔

’گول مال‘ اجے دیوگن کی کروڑوں کی پہلی ڈبل سنچری والی فلم بن سکتی ہے اور اس سے پہلے اجے دیوگن کی چھ فلمیں سو سو کروڑ کا بزنس کرچکی ہیں جس میں ’گول مال تھری‘، ’بول بچن‘، ’سن آف سردار‘، ’شیوائے‘، ’سنگھم‘ کے دونوں حصے شامل ہیں۔

’گول مال‘ نے دس بڑی اوپننگ والی فلموں میں بھی جگہ بنالی ہے اور یہ ان دس فلموں میں بھی پہلی فلم ہے جس میں کوئی خان ہیرو موجود نہیں۔

روہت شیٹھی اور اجے دیوگن بچپن کے دوست ہیں، اجے کی پہلی فلم ’پھول اور کانٹے‘ میں روہت شیٹھی اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھے۔ 

دونوں نے اس سے پہلے فلم ’زمین‘، ’گول مال‘، ’سنڈے‘، ’گول مال ریٹرن‘، ’آل دی بیسٹ‘، ’گول مال تھری‘، ’بول بچن‘، ’سنگھم‘ اور ’سنگھم ریٹرن‘ میں ایک ساتھ کام کیا ہے،  دونوں کی اب تک صرف فلم ’زمین‘ اور ’سنڈے‘ باکس آفس پر ناکام ہوئی باقی آٹھوں فلموں نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔

عامر خان اور اجے دیوگن کافلم بزنس میں کوئی مقابلہ نہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں بڑے فلمی گھرانوں سے ہیں اور دونوں نے اداکاری کے علاوہ ہدایت کاری اور پروڈکشن کا میدان بھی سنبھالا ہوا ہے۔

ایک کی موجودہ بیگم ڈائریکٹر دوسرے کے جیون ساتھی کا نام کاجول ہے جنھیں سب جانتے ہیں۔

ہالی وڈ پر ایک نظر

جانتا تو کوئی نہیں تھا کہ ہالی وڈ کی میگا بجٹ فلم ”جیو اسٹورم “ کا باکس آفس پر اتنا برا حال ہوگا جب کہ فلم میں تباہی ہی تباہی ہے لیکن باکس آفس کی تباہی سب سے بڑی ہے۔ 

فلم نے دنیا بھر سے صرف تین ارب پاکستانی روپوں کا بزنس کیا ہے اور اب اس فلم کو صرف چین ہی ڈوبنے سے بچا سکتا ہے۔

چین کی کمائی کی وجہ سے ہالی وڈ کی کامیڈی ایکشن مسٹری فلم ”دی کنگز مین“ کی کمائی اب تک 30 ارب روپے ہو چکی ہے اور صرف چین میں بزنس کی وجہ سے کامیڈی فلم ”نیور سے ڈائی“ کا کاروبار بھی 30 ارب ہوچکا ہے۔

دنیا بھر میں ڈر پھیلانے والے آدم خور”جوکر“ کی ڈراؤنی فلم ”اِٹ“ کا بزنس 65 ارب پاکستانی روپے ہوچکا ہے اور اس سال ہالی وڈ کی کئی فلمیں امریکا میں ناکام اور صرف چینی بزنس کی وجہ سے دنیا بھر میں کامیاب کہلائیں۔

ہیریسن فورڈ کی ” دی بلیڈ رنر“ کی کمائی دنیا بھر سے اب تک 18 ارب ہو چکی ہے اور یہ فلم بھی امریکا میں بری طرح ناکام ہوئی۔

مزید خبریں :