25 اکتوبر ، 2017
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کو ایک روزہ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کرنے کے باوجود رینکنگ میں 6 پوزیشن برقرار ہے۔
سال2017ء پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے اس اعتبار سے اہمیت کا حامل رہا کہ آئی سی سی کی 31ستمبر کی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی قومی کرکٹ ٹیم نے ون ڈے رینکنگ میں پہلی آٹھ ٹیموں میں رہتے ہوئے براہ راست 2019ء ورلڈکپ میں جگہ یقینی بنالی ہے۔
یہی نہیں اسی سال وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قیادت میں گرین شرٹس نے 18جون کو اوول(لندن)میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی۔
متحدہ عرب امارات میں سرفراز احمد کی کپتانی میں سری لنکن ٹیم کو ون ڈے سیریز میں 0-5 سے ہرانا قومی ٹیم کے لئے رینکنگ میں کسی تبدیلی کا سبب نہ بنا حالاں کہ یو اے ای ہی میں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز میں 0-2 سے شکست کے باعث پاکستان ٹیم رینکنگ میں چھٹے سے ساتویں نمبر پر چلی گئی تھی۔
سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد گرین شرٹس کو چار پوائنٹس ملے جب کہ سری لنکا کی ٹیم کو تین پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 120 پوائنٹس کیساتھ جنوبی افریقا پہلے، بھارت 120 پوائنٹس کیساتھ دوسرے، 114 پوائنٹ کیساتھ ورلڈ چیمپئن آسڑیلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں اور پاکستان 99 پوائنٹس کیساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
سال 2017ء میں پاکستان نے 17 ون ڈے کھیلے جس میں سے 12جیتے اور پانچ میں اسے شکست کا سامنا کر نا پڑا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی اس سال ون ڈے کرکٹ میں اب مزید کوئی مصروفیات نہیں ہیں لہذا اب آئندہ سال کے شروع میں پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں پانچ ون ڈے اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔