Time 25 اکتوبر ، 2017
کھیل

قائد اعظم ٹرافی: ایک اننگز میں آٹھ کھلاڑیوں کے ایل بی ڈبلیو ہونے کا ریکارڈ قائم

قائد اعظم ٹرافی میں پاکستان کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ٹیم یو بی ایل نے حریف ٹیم پی ٹی وی کے آٹھ کھلاڑیوں کو ایل بی ڈبلیو کرکے ریکارڈ بکس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں پانچویں راونڈ کا میچ پی ٹی وی اور یو بی ایل کے درمیان سیالکوٹ میں کھیلا گیا جس میں پی ٹی وی کی دوسری اننگز میں آٹھ کھلاڑی ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

یہ پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اننگز میں آٹھ پلیئز ایل بی ڈبلیو ہوئے ہوں، اس سے قبل چار مواقعوں پر کھلاڑی سات، سات مرتبہ ایل بی ڈبلیوز ہوچکے ہیں۔

دنیائے کرکٹ میں فرسٹ کلاس میچ کی ایک اننگز میں آٹھ کھلاڑیوں کا ایل بی ڈبلیو ہونا اننگز میں سب سے زیادہ ایل بی ڈبلیوز کی تعداد ہے اور  یو بی ایل اننگز میں آٹھ ایل بی ڈبلیو کرنے والی دسویں ٹیم بن گئی ہے۔

اس سے قبل نو مرتبہ فرسٹ کلاس مقابلوں میں ایک اننگز میں آٹھ کھلاڑی ایل بی ڈبلیو ہوچکے ہیں۔

یو بی ایل کی اننگز میں فاسٹ بولر میر حمزہ نے چار جبکہ سہیل خان اور احسان عادل نے دو ، دو کھلاڑیوں کو ایل بی ڈبلیو کیا۔

مزید خبریں :