26 اکتوبر ، 2017
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان مہمان خصوصی ہوں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے ابتدائی دو میچ شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات اور جمعے کو کھیلے جائیں گے۔
پاکستانی وقت کے مطابق دونوں میچز رات نو بجے شروع ہوں گے۔
ابوظہبی کرکٹ کونسل نے ان دو میچوں کے لئے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لئے 10 ہزار رنز اسکور کرنے والے سابق کپتان یونس خان کو بطور خاص مہمان مدعو کیا ہے۔
یونس خان میچ کے دوران پہلی اننگز کے اختتام پر گراونڈ میں لکی ڈرا سے منتخب ہونے والوں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے دکھائی دیں گے۔
دوسری جانب معروف گلوکار رحیم شاہ بھی ابوظہبی کے ان میچوں کے دوران اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔