پاکستان
Time 10 نومبر ، 2017

وزیراعظم ترقیاتی فنڈز سے لوگوں کو خرید رہے ہیں، عمران خان کا الزام

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترقیاتی فنڈز کے نام پر 94 ارب روپے ایم این ایز کو جاری کر دیئے جس کا مقصد لوگوں خریدنا ہے۔

سابق وزیر خارجہ سردار آصف کی تحریک انصاف میں دوبارہ شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جن لوگوں نے کرپٹ افراد کو پکڑنا تھا انہوں نے اداروں کو کرپٹ بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست لوگوں کو پیسہ دے کر خریدنا ہے، ان لوگوں کی سیاست کا مقصد اپنی ذات کو فائدہ پہنچانا ہے۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جو ملک کی قیادت کرتے ہیں وہ دوسروں کے لیے مثال ہوتے ہیں لیکن آج پاکستان میں سیاست کا مقصد یہ ہے کہ اگر آپ کی ایک فیکٹری ہے تو اقتدار میں آکر 10 فیکٹریاں بنا لو، قبضہ گروپ بنا لو لیکن اب پاکستان میں پرانی سیاست نہیں چلے گی اور ایک نئی سیاست ہونے جا رہی ہے۔

عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے ترقیاتی فنڈز کے نام پر 94 ارب روپے ایم این ایز کو جاری کر دیئے ہیں جس کا مقصد لوگوں خریدنا ہے، ہم اقتداد میں آکر ڈیولپمنٹ فنڈ کی لعنت کو ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سارے ڈیولپمنٹ فنڈز بلدیاتی اداروں کے پاس جائیں گے اور ڈسٹرکٹ میئرز کے براہ راست انتخابات کرائیں گے جس طرح لندن میں میئر کے لیے ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں چار سال سے اقتدار میں رہنے کے باوجود فائدہ نہیں اٹھایا اور چاہوں گا کہ میری ٹیم بھی سیاسی فائدہ نہ اٹھائے، جو لوگ ٹکٹ لے رہے ہیں وہ ذہن میں رکھیں گے کہ انہیں ڈویلپمنٹ فنڈز نہیں ملیں گے۔

مزید خبریں :