Time 12 نومبر ، 2017
پاکستان

لڑکی کی بے حرمتی: پی ٹی آئی کے دو رہنماؤں کے درمیان الفاظ کی جنگ

ڈی آئی خان میں غریب لڑکی کی بے حرمتی کے واقعے پر پی ٹی آئی کے دو رہنماؤں ایم این اے داور کنڈی اور صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کے درمیان لفظوں کی جنگ جاری ہے۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے داود کنڈی نے الزام عائد کیا کہ معصوم لڑکی کی بے حرمتی کرنے کے کیس میں علی امین گنڈا پور ملوث ہیں اور وہ ملزمان کی حمایت کر رہے ہیں۔ 

داور کنڈی نے یہ بھی الزام لگایا کہ عمران خان علی امین گنڈا پور سے خوف زدہ ہیں کیونکہ علی امین کے کالعدم تنظیموں کے ساتھ تعلقات ہیں۔

دوسری جانب علی امین گنڈا پور نے کہا کہ داور کنڈی کا دماغ عائشہ گلالئی کی طرح خراب ہو چکا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ان دونوں رہنماؤں کا انٹرویو پروگرام 'جرگہ' میں آج شب 10 بجکر 5 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 27 اکتوبر کو مخالفین نے پانی بھر کر گھر جانے والی 16سالہ لڑکی کو بھرے بازار میں بے لباس کیا اور برہنہ حالت میں اسے گلیوں اور بازاروں میں گھمایا، جس کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، تاہم مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم سجاول کو اب تک گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

مزید خبریں :