Time 13 نومبر ، 2017
دلچسپ و عجیب

بھارت میں بھکاریوں کی گرفتاری میں معاونت پر انعام کا اعلان

بھارتی شہر حیدرآباد کے حکام نے بھکاریوں کے خاتمے کے لیے شروع کی جانے والی مہم کے تحت بھکاریوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر انعام کا اعلان کیا ہے۔

حیدرآباد کی انتظامیہ نے شہر کو بھکایوں سے پاک کرنے کے لیے 15 دسمبر کے بعد سے ’بھکاریوں سے پاک‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حیدرآباد کے محکمہ جیل خانہ جات کی جانب سے بھکاریوں کی اطلاع دینے والوں کے لیے 500 روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے پولیس کمشنر نے شہر میں 2 ماہ کے لیے بھیک مانگنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے یہ قدم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا کے متوقع دورے کی وجہ سے اٹھایا جا رہا ہے۔

ایوانکا ٹرمپ نے گلوبل انٹرپرینورشپ سمٹ میں شرکت کے لیے 28 اور 29 نومبر کو حیدرآباد آنا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سن 2000 میں بھی سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر بھکاریوں کے خلاف اسی قسم کا آپریشن کیا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے پولیس نے عبادت گاہوں، بس اسٹاپوں اور ریلوے اسٹیشن پر بھیک مانگنے والوں کو بڑی تعداد میں حراست میں لیا تھا۔

پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے افراد کو حیدرآباد سینٹرل جیل کے قریب واقع مرکز بحالی سینٹر میں داخل کرایا گیا۔

مرکز بحالی سینٹر حیدرآباد کے سربراہ ایم سمپٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ بھکاریوں کو گرفتار کرنے کا مقصد انہیں فیول اسٹیشنز پر کام کے لیے تیار کرنا ہے۔

مزید خبریں :