پاکستان
Time 15 نومبر ، 2017

بلوچستان کے ضلع تربت سے 15 افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد


کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع تربت سے 15 افراد کی گولیاں لگی لاشیں ملی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع تربت سے 30 کلو میٹر دور بلیدہ کے پہاڑی علاقے سے 15 لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر تربت نے لاشیں ملنے کی تصدیق کی جب کہ لیویز ذرائع کا کہنا ہےکہ تمام افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا جن کی لاشیں سول اسپتال تربت منتقل کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق 15 میں سے 11 لاشوں کی شناخت کی جاچکی ہے جن میں 4 افراد کی عمریں 20 سے کم اور 2 کی 35 سال کے قریب ہیں جب کہ قتل کیے گئے تمام افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شناخت کی جانے لاشوں میں محمد حسین کا تعلق واہ کینٹ، اظہر وقاص، خرم شہزاد اور ذوالفقار کا تعلق منڈی بہاءالدین اور غلام ربانی کا وزیرآباد گوجرانوالہ جب کہ احسن رضا کا تعلق بھی گوجرانوالہ سے ہے۔

ذرائع کے مطابق دیگر لاشوں میں سیف اللہ کا تعلق گجرات، محمد الیاس کا ڈسکہ سیالکوٹ، عبدالغفور اور طیب کا تعلق بھی سیالکوٹ سے ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ دیگر 4 افراد کی لاشوں کی فی الحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

دوسری جانب لیویز ذرائع کا بتانا ہےکہ قتل کیے جانے والے افراد وہ ہیں جو غیر قانونی طور پر یہاں سے ایران کے راستے یورپی ممالک جانے کی کوشش کرتے ہیں، جس روٹ پر ان افراد کو قتل کیا گیا یہ روٹ غیر قانونی طور پر ایران جانے والے افراد استعمال کرتے ہیں۔

مزید خبریں :