Time 16 نومبر ، 2017
کھیل

محمد حفیظ بولنگ ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام، ایکشن غیرقانونی قرار


قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار دے دیا گیا جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے انہیں بولنگ سے روک دیا۔

بولنگ ایکشن مشکوک قرار دینے کے بعد آل راؤنڈر محمد حفیظ نے یکم نومبر کو لندن میں بائیو مکینک ٹیسٹ دیا تھا تاہم وہ ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام رہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 18 اکتوبر کو ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ کے دوران محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا۔ 

اس سے قبل محمد حفیظ کا دو مرتبہ بولنگ ایکشن رپورٹ ہو چکا ہے جب کہ 2015 میں انہیں مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے ایک سال کی پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ 

آئی سی سی کے مطابق محمد حفیظ کے بائیو مکینک ٹیسٹ کی رپورٹ میں ان کی بیشتر گیندوں میں بازو کا خم 15 ڈگری سے زائد رپورٹ ہوا جو آئی سی سی کے آرٹیکل 11.1 کے خلاف ہے۔ 

آئی سی سی کے مطابق آرٹیکل 4.5 کے تحت محمد حفیظ اپنے بولنگ ایکشن میں تبدیلی لا کر دوبارہ ٹیسٹ دینے کے اہل ہیں تاہم اس دوران وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کرانے کے اہل نہیں ہوں گے۔ 

آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے بعد محمد حفیظ پی سی بی کی سرپرستی میں ہونے والے ڈومیسٹک ایونٹ میں بولنگ کرانے کے اہل ہوں گے۔ 

حفیظ کا بی پی ایل میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

فیصلے کے بعد محمد حفیظ نے بی پی ایل میں حصہ نہ لینے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔

حفیظ نے جیو ڈاٹ ٹی وی سے تصدیق کی کہ وہ اپنے بولنگ ایکشن پر کام کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے پی سی بی سے کسی کوچ کو مقرر کرنے کی درخواست بھی کردی ہے۔

’آئی سی سی کے فیصلے پر دکھ ہوا‘

دوسری جانب محمد حفیظ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ آئی سی سی کے فیصلے پر انہیں دکھ ہوا تاہم وہ ہار نہیں مانیں گے۔

آل راؤنڈر کے مطابق انہوں نے اپنے بولنگ ایکشن پر بہت محنت کرکے اسے تبدیل کیا اور اب وہ دگنی محنت کریں گے تاکہ پاکستان کی مزید بہتر انداز میں خدمت کرسکیں اور ملک کے لیے مزید فتوحات حاصل کرسکیں۔

مزید خبریں :