دنیا
Time 24 نومبر ، 2017

امریکا کا حافظ سعید کی نظر بندی سے رہائی پر تشویش کا اظہار

واشنگٹن: امریکا نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کی نظربندی سے رہائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں حافظ سعید کی نظر بندی سے رہائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان حافظ سعیدکو گرفتار کرکے ان کی سزا کو یقینی بنائے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ لشکر طیبہ ایک نامزد غیر ملکی دہشت گرد تنظیم ہے جو امریکی باشندوں سمیت معصوم شہریوں کی ہلاکت کی ذمے دارہے جب کہ ممبئی حملوں میں بھی 6 امریکی شہری ہلاک ہوئے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے مئی 2008 میں حافظ سعید کانام فہرست میں شامل کیا تھا، اقوام متحدہ نے دسمبر 2008 کو حافظ سعیدکو انفرادی طور پر بھی دہشتگرد فہرست میں شامل کیا جب کہ 2012 سے امریکا نے حافظ سعید سے متعلق اطلاعات پر ایک کروڑ ڈالر انعام رکھا ہے۔

حافظ سعید کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں، ترجمان جماعت الدعوة

امریکی محکمہ خارجہ کے بیان پر ترجمان جماعت الدعوة یحیٰ مجاد نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سال سے حافظ محمد سعید کیخلاف کوئی ثبوت امریکا کو نہیں مل سکا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کیجانب سے حافظ سعید کے خلاف ثبوت کیلیے 10 ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ حافظ محمد سعید نے ممبئی حملوں کی مذمت اور تردید کی تھی، عدالتیں آزاد ہیں، ان کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حافظ سعید کا دہشتگردی اور تخریب کاری سے کوئی تعلق نہیں، وہ امن کے داعی اور خدمت انسانیت کے علمبردار ہیں۔

واضح رہےکہ حافظ سعید کو حکومت نے نظر بند کر رکھا تھا لیکن بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ نے ان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

مزید خبریں :