پاکستان
Time 28 نومبر ، 2017

(ن) لیگ کے 14 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے پیر حمیدالدین کو استعفے جمع کرادیئے


اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے 14 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے حالیہ بحران کے باعث اپنے استعفے پیر حمید الدین سیالوی کو جمع کردیئے۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے 14 ارکان صوبائی و قومی اسمبلی کی جانب سے اپنے استعفوں کا اختیار سرگودھا کے پیر حمید الدین سیالوی کو دیا گیا اور تمام ارکان نے اپنے استعفے انہیں جمع کرائے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں رکن قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم نے استعفوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت کے عقیدے پر کسی اقدام سے گریز نہیں کریں گے اور پیر حمید الدین کا جو حکم ہوگا اس کی تائید کریں گے ۔

صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری بھی پروگرام کا حصہ تھے جن کا کہنا تھا کہ حمید الدین سیالوی ان کے بزرگ ہیں، وہ آج ہی ان سے ملاقات کرکے ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔

فیصل آباد سے (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی نثار جٹ نے اپنے استعفے کے بارے میں آنے والی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناءاللہ سے استعفیٰ مانگنے کی باتوں میں بھی کوئی صداقت نہیں۔

مزید خبریں :