دنیا
Time 29 نومبر ، 2017

شمالی کوریا کا امریکا کے کسی بھی مقام کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

شمالی کوریا نے ایسے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو امریکا کے کسی بھی مقام کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو امریکا میں کہیں بھی نشانہ بناسکتا ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی پر میزائل تجربے سے متعلق بتایا گیا ہے کہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل نے 53 منٹ کی پرواز میں 950 کلو میٹر سفر کیا اور اس کی سطح زمین سے بلندی 4 ہزار 475 کلو میٹر رہی جو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کی بلندی سے 10 گنا زیادہ ہے۔

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے نئے بیلسٹک میزائل تجربے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے جوہری ریاست بننے کا تاریخی مقصد حاصل کرلیا ہے ۔

شمالی کوریا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا ذمہ دار جوہر ملک ہے جس نے جوہری ہتھیار امریکا کی جوہری دھمکیوں اور بلیک میل کرنے کی پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے حق حاکمیت اور ملکی سالمیت قائم کرنے کے لئے بنائے۔

دوسری جانب امریکا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لئے خطرے کا باعث نہیں بنے گا۔

امریکی سیکرٹری دفاع جیم میٹس کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی میزائل بنانے کی صلاحیت اور مسلسل میزائل تجربات دنیا کو دھمکانے کی کوشش ہے۔ 

مزید خبریں :