Time 29 نومبر ، 2017
پاکستان

قطری شہزادے کی لاہور آمد، شریف برادران سے الگ الگ ملاقات

قطری شہزادہ شیخ جاسم بن حماد بن خلیفہ الثانی نے لاہور میں سابق وزیراعظم  نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

قطری شہزادے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے جہاں سے انہیں سرکاری پروٹوکول میں جاتی امراء لے جایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قطری وفد کا دورہ پاکستان پہلے سے شیڈول تھا اور 12 رکنی وفد میں چند کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔

جاتی امراء میں قطری وفد نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور کاروباری معاملات پر بات چیت کی گئی۔

سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد 12 رکنی قطری وفد ماڈل ٹاؤن پہنچا جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔

قطرہ شہزادے حماد بن جاسم اور وفد کی جاتی امراء آمد

ذرائع کے مطابق آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور ایل این جی منصوبے کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

شیخ جاسم پورٹ قاسم کراچی میں کول پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جن کا کہنا ہے کہ قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری حکومت کی مؤثر پالیسیوں کا نتیجہ ہے، اقتصادی پالیسیوں کے باعث قطر کے سرمایہ کار پاکستان کی جانب راغب ہوئے ہیں۔

نوٹ: اس خبر کے ابتدائی ورژن میں قطری شہزادے شیخ حماد بن جاسم کا نام غلطی سے لکھا گیا تھا لیکن وہ پاکستان نہیں آئے ہیں۔ پاکستان آنے والے قطری شہزادے کا نام جاسم بن حماد بن خلیفہ الثانی ہے۔ اس غلطی کو درست کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :