کھیل
Time 29 نومبر ، 2017

سعید اجمل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

پاکستان کے سابق اسپنر سعید اجمل نے ہر قسم کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سمیت ہر قسم کی انٹرنیشنل کرکٹ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اور وقار یونس سمیت تمام کھلاڑیوں نے بھرپور ساتھ دیا جس پر  ان کا شکر گزار ہوں۔

سعید اجمل نے پاکستان کے لیے تمام کرکٹ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور نہ ہی پاکستان میں آف اسپنر ختم نہیں ہو رہے بلکہ ختم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی کرکٹ نہیں کھیلوں گا، صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلوں گا لیکن وہ بھی پاکستان کی طرف سے نہیں بلکہ غیر ملکی لیگز کی طرف کھیلوں گا۔

سعید اجمل نے کہا کہ اپنے کرکٹ کیرئیر سے مطمئن ہوں، قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تمام تر توجہ اپنی اکیڈمی اور نئے کھلاڑیوں کو تیار کرنے پر دوں گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سعید اجمل نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کا اعلان وہ بہت جلد کر دیں گے۔

آئی سی سی نے سعید اجمل کے بازو میں 15 ڈگری سے زیادہ خم کی وجہ سے ان کی بالنگ پر پابندی عائد کر دی تھی۔ سعید اجمل نے ایکشن تبدیل کر کے ٹیم میں دوبارہ کم بیک کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔

سعید اجمل نے 35 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جن میں انہوں نے 28.1 کی اوسط سے 178 وکٹیں حاصل کیں۔

ایک روزہ کرکٹ میں بھی انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 113 ایک روزہ میچوں میں 184 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ سعید اجمل نے 64 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 85 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

مزید خبریں :