کھیل
Time 06 دسمبر ، 2017

ڈوپنگ اسکینڈل: ونٹر اولمپکس 2018 میں روس کی شرکت پر پابندی

ونٹر اولمپکس آئندہ برس فروری میں جنوبی کوریا میں ہونے جارہے ہیں—۔فائل فوٹو

ڈوپنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے بعد ونٹر اولمپکس 2018 میں روس کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی ۔

 2014 میں سرکاری سرپرستی میں ڈوپنگ کا الزام سامنے آنے کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا، بعدازاں 17 ماہ کی تحقیقات مکمل ہونے پر اولمپک کمیٹی نے گزشتہ روز روس کے خلاف اپنا فیصلہ سنایا۔

انٹرنیشنل اولپمک کمیٹی نے روسی اولمپک کمیٹی کو بھی معطل کردیا جبکہ آئندہ برس ہونے والے ونٹر اولمپکس میں شرکت پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

تاہم ایسے روسی کھلاڑی جو ڈوپنگ میں ملوث نہیں ہیں، انفرادی طور پر مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے۔

دوسری جانب اگر روسی ایتھلیٹس نےتمغے جیتے تب بھی میڈل ٹیبل پر روس کے تمغوں کی تعداد صفر رہے گی۔

یہ بھی یاد رہے کہ یکم نومبر سے اب تک 25 روسی ایتھلیٹس پر تاعمر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

اولمپکس کی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی ملک کو ڈوپنگ اسکینڈل پر ایسی سزا دی گئی ہے، جس سے سوویت یونین دور کے بعد روس کو اسپورٹس کے میدان میں تاریخی بحران کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ ونٹر اولمپکس آئندہ برس فروری میں جنوبی کوریا میں ہونے جارہے ہیں


مزید خبریں :