07 دسمبر ، 2017
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت ٹورنامنٹ کا آغاز 22 فروری سے ہوگا۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے فائنل 25 مارچ کو کراچی میں ہی کرانے کی تصدیق کی ہے۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل تھری کا آغاز دبئی اسٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوگا۔ تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے دو، دو مرتبہ مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل تھری میں چار وینیوز کا استعمال کیا جائے گا جہاں 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے تمام لیگ میچز دبئی اور شارجہ میں جبکہ پلے آفز اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے امید کا اظہار کیا کہ پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن کامیابی کی نئی بلندیوں پر پہنچے گا۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ بڑی تعداد میں کرکٹ شائقین اسٹیڈیمز کا رخ کریں گے۔