دنیا
Time 07 دسمبر ، 2017

شام میں داعش کو شکست دے دی، روس

روس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی افواج نے عالمی شدت پسند تنظیم داعش کو شام میں شکست دینے کا اپنا مقصد حاصل کر لیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی فوج کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ روسی افواج نے داعش کے خاتمے کے لیے آخری مرحلے پر پوری طاقت کا استعمال کیا اور اب شام میں ایک بھی علاقہ شدت پسند تنظیم کے کنٹرول میں نہیں ہے۔

جنرل اسٹاف آپریشن کے سربراہ کرنل جنرل سرگئی رڈسکوئی نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا کہ شام میں داعش کو عسکری طاقت کے ذریعے شکست دینے کا مشن مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ داعش کے خاتمے کے بعد اب شامی افواج شدت پسند تنظیم کے زیر اثر علاقوں کی کلیئرنس کا کام کر رہے ہیں۔

روسی کرنل جنرل نے کہا کہ داعش کے خاتمے کے لیے آخری مرحلے پر روسی فضائیہ کی مدد سے بھرپور آپریشن کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے فیصلہ کن مرحلے میں دور تک اہداف کو نشانہ بنانے والے بم بھی استعمال کیے گئے۔

روس کے فوجی افسر نے مزید کہا کہ شام میں موجود ہمارے فوجی اب سیزفائر اور امن کو بحال کرنے پر توجہ دیں گے۔

خیال رہے کہ روس سے قبل ایران بھی باقاعدہ طور پر داعش کے خلاف فتح کا اعلان کر چکا ہے۔

مزید خبریں :