دنیا
Time 08 دسمبر ، 2017

ٹرمپ ثابت کریں گے کہ انہیں کوئی ذہنی بیماری نہیں: وائٹ ہاؤس

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ—۔فائل فوٹو/اے ایف پی 

واشنگٹن:وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ذہنی بیماری 'ڈیمینشیا' لاحق نہیں اور وہ ثابت کریں گے کہ وہ کسی ذہنی بیماری کاشکار نہیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق بدھ (6 دسمبر) کو اپنے خطاب میں ٹرمپ الفاظ کی درست ادائیگی نہیں کرسکے تھے اور تقریرکے اختتام پر انہوں نے یونائٹڈ اسٹیٹس کو ’یونائٹڈاشٹیٹس‘ کہہ دیا تھا۔

الفاظ کی نامناسب ادائیگی پر ٹرمپ کے ڈیمینشیا یا الزائمر میں مبتلا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اگلے برس طبی معائنہ کرائیں گے اور ثابت کریں گے کہ وہ صحت مند ہیں۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارا سینڈرز نے صحافیوں کو بتایا کہ اس حوالے سے بہت سے مضحکہ خیز سوالات کیے گئے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ 'صدر کا گلا خشک تھا، اس سے زیادہ کچھ نہیں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرمپ کا طبی معائنہ والٹر ریڈ (نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر) میں ہوگا اور اس کی رپورٹس ڈاکٹر جاری کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حال ہی میں ٹرمپ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سمجھ کر ان کی ہم نام خاتون کو ٹوئیٹ کرکے خود کو مشکل میں ڈال چکے ہیں۔


مزید خبریں :