Time 09 دسمبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

جھل مل ملبوسات اور ستاروں سے سجے برائیڈل کوچیور ویک کا آغاز

 بی سی ڈنلیو 2017؛ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام۔

لاہور میں جھل مل کرتے رنگا رنگ ملبوسات اور ستاروں سے سجے 3 روزہ برائیڈل کوچیور ویک  (بی سی ڈبلیو) 2017 کا آغاز ہوگیا۔

بی سی ڈبلیو  2017 پاکستان، 8 سے 10 دسمبر تک جاری رہے گا، اس میں 21 فیشن ڈیزائنر اپنی کلیکشنز پیش کریں گے جن میں ایچ ایس وائے، کرما، ایلان، ماہ گل، عامر عدنان، نیلوفر شاہد اور دیگر شامل ہیں۔

بی سی ڈبلیو 2017 میں تمام ڈیزائنر نے موسم سرما کو مدنظر رکھتے ہوئے عروسی ملبوسات ڈیزائن کیے ہیں جن پر کورا، دپکا، پٹا ورک، کٹ ورک اور زری کا کام کیا گیا ہے۔

جیولری ڈیزائنرز نے بھی ان ملبوسات کی مناسبت سے انتہائی خوبصورت زیورات تیار کیے ہیں جنہیں پہن کر ماڈلز نے چار چاند لگا دیئے۔

بی سی ڈبلیو کے پہلے دن ستاروں اور ماڈلز نے ریمپ پر خوب جلوے بکھیرے، اس موقع پر عاصم اظہر اور ہارون رشید سمیت دیگر گلوکاروں نے بھی زبردست پرفارمنس دی اور اس شام میں مزید رنگ بھر دیئے۔

اس موقع پر فلم 'ارتھ 2' کی کاسٹ میں شامل شان شاہد، محب مرزا، حمیمہ ملک اور عظمیٰ حسن نے فیشن ڈیزائنر فہد حسین کی کلیکشن کی نمائش کی اور اپنی 21 دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم کی تشہیر بھی کی ۔

 بی سی ڈبلیو 2017 میں شریک 'ارتھ 2' کی کاسٹ—۔ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

دوسری جانب پاکستان کی خوبرو اداکارہ سجل علی نے ایم این آر ڈیزائن اسٹوڈیو کی کلیکشن ’گلاب سندیش‘ کے ساتھ ریمپ پر جلوے بکھیرے۔

 بی سی ڈبلیو 2017 کے دوران سجل علی کا انداز—۔ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

بی سی ڈبلیو کے پہلے روز اداکار بلال عباس ڈیزائنر ہمایوں عالمگیر کی کلیکشن ’پوشاک‘ کے لیے شو اسٹوپر تھے، ان کی کلیکشن کے عروسی ملبوسات ویلوٹ پر بنے ہوئے تھے۔

 بی سی ڈبلیو 2017 میں بلال عباس کا ایک انداز—۔ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

فیشن ڈیزائنر عائشہ عمران نے اپنے شو اسٹوپر اداکار احمد علی اکبر کے ساتھ اپنی کلیکشن ’جہان‘ کی تشہیر کی ۔

 بی سی ڈبلیو 2017 کے دوران احمد علی اکبر کا ایک انداز—۔ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

بی سی ڈبلیو کے آغاز میں مختلف ڈیزائنرز نے اس کی کامیابی کی یقین دہانی کروائی اور ساتھ ہی کہا کہ یہ شو پاکستان کی فیشن انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔

وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بدلتی ہوئی فیشن کی دنیا نے خوب مقبولیت حاصل کی ہے اور پاکستانی ڈیزائنرز دنیا بھر میں اپنی انڈسٹری کا نام روشن کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :