Time 13 دسمبر ، 2017
پاکستان

انسداد دہشتگردی عدالت سےعمران خان کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 2014 کے دھرنے کے دوران دائر کیے گئے چار مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کردی۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں عمران خان کے خلاف چار مقدمات زیر سماعت ہیں، جن میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس مسیت سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کا کیس بھی شامل ہے۔

بدھ (13 دسمبر) کو ہونے والی سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران خان کی طرف سے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

جس کے بعد عمران خان 19 دسمبر کے بجائے اب 2 جنوری کو عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 14 نومبر کوعمران خان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے تھے، جہاں عدالت نے دو، دو لاکھ روپے کے عوض چیئرمین پی ٹی آئی کی چار مقدمات میں ضمانت منظور کرلی تھی۔

اس سے قبل عدالت نے عدم حاضری پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اشتہاری ملزم بھی قرار دیا تھا۔


مزید خبریں :