14 دسمبر ، 2017
اسلام آباد: انٹرنیشنل مانٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ اس نے پاکستان میں روپے کی قیمت میں تبدیلی کیلیے کوئی دباؤ نہیں ڈالا اور وہ اسٹیٹ بنک کی جانب سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں تبدیلی کا خیر مقدم کرتا ہے۔
آئی ایم ایف کے مشن چیف ہیرالڈ فنگر نے آئی ایم ایف کی طرف سے جائزہ پروگرام مکمل ہونے کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ معیشت، سیکورٹی، بجلی سپلائی، انفراسٹرکچر، سرمایہ کاری اور زراعت کے شعبے میں بہتری سے آئی ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ رواں برس پاکستان کی ترقی کی شرح5.6فی صد رہے گی جو مثبت اعشاریہ ہے۔
ہیرالڈ فنگر نے کہا کہ اسٹیٹ بنک کی طرف ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت تبدیل کرنے کو خوش آمدید کہتے ہیں، یہ فیصلہ آنے والے وقت میں پاکستانی برآمدات بہتری کرنے میں اہم ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ روپے کی قیمت میں تبدیلی کے لیے آئی ایم ایف دباؤ ڈالنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، پاکستان نے آئی ایم ایف سے نئے پروگرام کے لئے کوئی درخواست نہیں کی۔
آئی ایم ایف مشن کے سربراہ نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام پاکستان کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے۔معاشی صورتحال کی بہتری برقرار رکھنے کے لئے نجی سرمایہ کاورں اور برآمدات کو بڑھانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ درآمدات میں اضافے سے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی آئی ہے۔