15 دسمبر ، 2017
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حدیبیہ پیپر ملز کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو سچائی اور انصاف کی فتح قرار دیا ہے۔
حدیبیہ پیپر ملز کیس کے فیصلے کے بعد جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا جس پر اللہ کے حضور سجدہ شکر ادا کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حدیبیہ کیس فیصلے نے ہمارے موقف پر مہر تصدیق ثبت کردی، آج تمام جھوٹے الزامات کو سچ سے شکست ہو گئی، فیصلے سے حق وانصاف کا بول بالا ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے یہ حقیقت کھل کر سامنے آ گئی کہ آخری فتح سچائی کی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے کو کمزور کرنے کی روایتی سیاست ترک کردیں اور اپنی توانائیاں عوام کی حالت بدلنے کیلیے وقف کردیں۔