Time 20 دسمبر ، 2017
پاکستان

پاکستانی ہائی کمیشن نے کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کو ویزے جاری کردیے


اسلام آباد: دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کے ویزے جاری کردیئے۔

پاکستان نے گزشتہ ماہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن یادیو کو اہلیہ سے ملاقات کرنے کی پیشکش کی تھی جس پر بھارت کی جانب سے والدہ سے بھی ملاقات کرانے اور اس دوران ایک بھارتی سفارت کار کی موجودگی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

پاکستان نے بھارت کا مطالبہ مانتے ہوئے کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کے لیے 25 دسمبر کی تاریخ طے کی ہے۔

چند روز قبل وزارت خارجہ نے نئی دلی میں پاکستان ہائی کمیشن کو کلبھوشن کی اہلیہ اوروالدہ سمیت سفارتکار کا ویزہ جاری کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ویزے جاری کردیئے گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کو ویزے جاری کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے دونوں کو ویزے جاری کیے۔

جیونیوز کے مطابق کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو آج ویزہ جاری کیا گیا ہے جس کے بعد اب وہ 25 دسمبر کو پاکستان آئیں گے جہاں ان کی گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے ملاقات کرائی جائے گی، اس دوران بھارت کا ایک سفارتی اہلکار بھی موجود ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کے واہگہ بارڈر سے آنے کے امکانات کم ہیں، اس لیے انہیں بذریعہ جہاز اسلام آباد لایا جائے گاجہاں سے انہیں کلبھوشن سے ملاقات کے لیے لے جایا جائے گا تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ آج ہی نئی دہلی کے لیے روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ بھارتی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ بھارتی ڈپٹی ہائی کشمنر کے ہمراہ ہی پاکستان آئیں گی۔

ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کے لیے سیکیورٹی انتظامات کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

کلبھوشن کی گرفتاری

واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا۔

رواں برس 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی۔

لیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن یادیو کی سزا پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :