Time 23 دسمبر ، 2017
کھیل

دورہ نیوزی لینڈ کیلیے 15 رکنی ایک روزہ اسکواڈ کا اعلان


دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی ایک روزہ اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا جس میں عماد وسیم کی جگہ محمد نواز کو شامل کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا۔

قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کے بعد 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ چیف سلیکٹر کے مطابق آل راؤنڈر عماد وسیم گھنٹے کی انجری کے باعث ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے اس لیے ان کی جگہ محمد نواز کو قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز سے انجری کے باعث باہر ہونے والے اظہر علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ جنید خان کو ڈاکٹرز نے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے اس لیے ان کی جگہ عامر یامین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم سے کہا ہے کہ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنی فٹنس پر توجہ دیں۔

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان، رومان رئیس، عامر یامین، حسن علی، محمد عامر، محمد نواز، فخر زمان، بابر اعظم اور امام الحق، حارث سہیل اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم تین روزہ مختصر کیمپ کے بعد 27 دسمبر کو لاہور سے آکلینڈ کے لیے روانہ ہو گی جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، دورے کا باقاعدہ آغاز 6 جنوری سے ہو گا۔

مزید خبریں :