مناسب قیمت نہ ملنے پر کسان نے گنے کی فصل کو آگ لگادی

قصور میں کاشت کار نے مناسب قیمت نہ ملنے پر گنے کی پوری فصل کو آگ لگادی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے حکم دیا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کو پورے پیسے نہ دینے والے ملز مالکان کو گرفتار کیا جائے۔

قصور میں گنے کی فصل بھی جل گئی، اور ان ہی شعلوں میں کاشت کار کی محنت اور امیدیں بھی خاک ہوگئیں۔ قصور کے علاقے گدھ پور میں کاشت کار جعفر نے مناسب قیمت نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہو کر پانچ ایکڑ پر کھڑی گنے کی پوری فصل کو آگ لگا دی۔

کاشتکار کا کہنا ہے کہ گنے کی نامناسب قیمت اور ملز مالکان کے رویے سے تنگ آ کر اس نے احتجاجاً یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

کاشتکار جعفر کے اس اقدام پر گاؤں کے دیگر کسان اور رہائشی بھی پریشان نظر آرہے ہیں۔

دوسری جانب قصور کے قریب قائم شوگر ملز کے باہر بھی گنے سے بھری ٹرالیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

واقعے کے بعد لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے صدر جاوید کیانی اور کاشت کار نمائندوں نے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے گنے کے کاشت کاروں کو پورے پیسے نہ دینے والے ملز مالکان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا،انہوں نےکہا کہ کارروائی مل ملازم کے خلاف نہیں بلکہ مالک کے خلاف ہوگی۔

شہباز شریف نے کہا کہ جو شوگر مل مالک گنے کے کاشتکار کو 180 روپے فی من کی قیمت نہیں دے گا وہ قانون کے شکنجے میں آئے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو ادائیگی کے پورے عمل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے۔

شہباز شریف نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ باتیں نہیں بلکہ کام کرکے دکھائیں، وزراء اور افسران دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے گنے کے کاشت کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے فیلڈ میں موجود رہیں۔

مزید خبریں :