Time 28 دسمبر ، 2017
پاکستان

مسلم لیگ فنکشنل کی مقتول رہنما سائرہ نصیر کے بیٹے نے قتل کا اعتراف کرلیا

7 دسمبر کو سائرہ نصیر کی مسخ شدہ لاش ملی تھی، فوٹو/فائل، سائرہ نصیر

حیدرآباد: پولیس نے مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما سائرہ نصیر کے قتل کیس کے سلسلے میں ان کے بیٹے کو گرفتار کرلیا جس نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔

مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما سائرہ نصیر رواں ماہ لاپتا ہوگئی تھیں جس کے بعد ان کی مسخ شدہ لاش 7 دسمبر کو برآمد ہوئی۔

پولیس نے گزشتہ رات مقتولہ سائرہ نصیر کے بیٹے فہد کو تفتیش کے لیے طلب کیا اور دوران تفتیش اس نے ماں کو قتل کر کے بیوی کی مدد سے لاش کو آگ لگانے کا اعتراف کرلیا۔ 

ایس ایس پی حیدرآباد پیر محمد شاہ نے سائرہ نصیر قتل کیس کی میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ قتل کے روز بیٹے فہد کی والدہ کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی جس پر مشتعل ہو کر اس نے امام دستے سے ماں کے سر پر وار کیا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔

ایس ایس پی حیدرآباد کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ کی مدد سے والدہ کی لاش کو گاڑی میں ڈال کر جرم چھپانے کے لئے ہوسڑی کے قریب گاڑی کو آگ لگائی اور تفتیش کے بعد قاتل فہد اور اس کی بیوی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ 

پیر محمد شاہ کے مطابق مقتولہ کی ڈی این اے رپورٹ کا انتظار ہے اور قاتل اپنے جرم کا اعتراف کرچکے ہیں۔ 

ایس ایس پی حیدرآباد کا کہنا ہے کہ کل ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ لیا جائے گا اور مقدمے میں ملزمان کا اعترافی بیان اہم ثابت ہوگا۔


مزید خبریں :