چمن: مال روڈ پر یکے بعد دیگرے دو دھماکے، 7 افراد زخمی

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں—۔ جیو نیوز اسکرین گریب

چمن: صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر پولیس ناکے کے قریب یکے بعد دیگرے ہونے والے 2 دھماکوں کے نتیجے میں ایف سی اور پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

زیر تعمیر عمارت میں رکھی گئی بجری میں دھماکا خیز مواد چھپایا گیا تھا—۔جیو نیوز اسکرین گریب

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق پولیس کی ایک زیر تعمیر عمارت میں رکھی گئی بجری میں دھماکا خیز مواد چھپایا گیا تھا، جس کے پھٹنے سے دھماکا ہوا اور جب پولیس اہلکار وہاں پہنچے تو دوسرا دھماکا ہوگیا۔

پولیس کے مطابق زخمیوں میں ایک ایف سی، 2 پولیس اہلکار اور 4 شہری شامل ہیں۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا—۔جیو نیوز اسکرین گریب

پولیس کے مطابق دھماکے سے پولیس موبائل، موٹرسائیکل اور رکشے کو نقصان پہنچا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایف سی اور ریسیکو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مال روڈ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا۔

دوسری جانب قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا۔



مزید خبریں :