Time 04 جنوری ، 2018
پاکستان

کراچی کے شہریوں نے ناقص صفائی کو شہر کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دے دیا


کراچی کی شہری حکومت اور میئر کی کارکردگی پر گیلپ پاکستان کے سروے میں عوامی رائے سامنے آگئی، 39 فیصد افراد میئر کراچی کی کارکردگی سے خوش جبکہ 32 فیصد ناخوش نظر آئے۔

سروے میں شہری حکومت کی کارکردگی پر ملا جلا رد عمل سامنے آیا، 41 فیصد افراد نے شہری حکومت کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا مگر 42 فیصد افراد شہر کی حالت زار میں کوئی تبدیلی نہ لانے کا گلہ کرتے نظر آئے۔

سروے کے دوران شہریوں نے کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ صفائی کے ناقص انتظامات کو قرار دیا جس کا شہری مستقبل بنیادوں پر حل چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس رائے کا اظہار شہریوں نے گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے میں کیا جس میں کراچی شہر کے شماریاتی طور پر منتخب 700 سے زائد افراد نے حصہ لیا۔

سروے میں عوام سے پوچھا گیا کےآپ موجودہ شہری حکومت کی کارکردگی سے کتنے مطمئن ہیں ؟

شہری حکومت سے متعلق عوامی رائے

سروے میں جب عوام سے پوچھا گیا کےآپ کراچی کی موجودہ شہری حکومت کی کارکردگی سے کتنے مطمئن ہیں تو 41 فیصد نے شہری حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہا کیا۔

اس 41 فیصد میں سے 6 فیصد شہری حکومت کی کارکردگی سے بہت زیادہ مطمئن جبکہ 35 فیصد کسی حد تک مطمئن نظر آئے۔

سروے میں 29 فیصد افراد شہر کی ضلعی حکومتوں کی کارکردگی سے غیر مطمئن تھے جبکہ 27 فیصد نہ مطمئن نہ غیر مطمئن تھے جبکہ 3 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔

میئر کراچی وسیم اختر کی کارکردگی

اس کے بعد شہریوں سے کراچی شہر کے میئر یعنی وسیم اختر کی کارکردگی کے بارے میں سوال کیا گیا۔

اس سوال کے جواب میں سروے میں 39 فیصد شہریوں نے میئر کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا البتہ 32 فیصد ان کی کارکردگی سے مطمئن نہ تھے۔

سروے میں 26 فیصد نہ مطمئن تھے نہ غیر مطمئن جبکہ 3 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔

شہری حکومت کے قیام سے حالات بہتر ہوئے یا خراب؟


سروے میں عوام سے یہ بھی سوال کیا گیا کے کیا نئی شہری حکومت کے آنے سے کراچی کے حالات بہتر ہوئے ہیں یا پہلے سے خراب ہوئے ہیں؟

جواب میں سروے میں شامل 32 فیصد شہریوں نے کراچی کے حالا ت پہلے سے بہتر ہونے کا کہا جبکہ 19 فیصد کا کہنا تھا کے مزید خراب ہوئے ہیں۔

اس کے برعکس سروے میں 42 فیصد شہریوں کی رائے تھی کے شہر کی حالت زار میں کو ئی فرق نہیں آیا، 7 فیصد نے اس سوال کا کو ئی جواب نہیں دیا۔

کراچی کا سب سے اہم مسئلہ


کراچی کے شہریوں سے شہر کے اہم مسائل کے بارے میں بھی سروے میں پوچھا گیا۔

اس سوال کے جواب میں 88 فیصد افراد نے صفائی کے ناقص انتظامات کو شہر کا اہم مسئلہ قرار دیا۔

76 فیصد افراد نے پانی، 74 فیصد نے توانائی کی کمی، 52 فیصد نے تعلیم کے مسائل، 51 فیصد نے امن و امان، 46 فیصد نے سڑکوں خرابی، 43 فیصد نے صحت عامہ جبکہ 34 فیصد نے رہائش کے مسائل کوشہر کے اہم مسائل کہا جبکہ 1 فیصد نے دیگرمسائل کا ذکر کیا۔ 

مزید خبریں :