دنیا
Time 06 جنوری ، 2018

بھارت: لالو پرساد کو چارہ کرپشن کیس میں ساڑھے 3 سال قید

بھارتی ریاست بہار کے سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادیو کو چارہ کرپشن کیس میں ساڑھے تین سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سینٹرل بورڈ آف انڈیا کی خصوصی عدالت نے چارہ کرپشن کے دوسرے کیس میں جرم ثابت ہونے پر بہار کے سابق وزیراعلیٰ اور لالو پرساد یادیو کو ساڑھے تین سال قید کی سزا سنادی۔

خصوصی عدالت کے جج نے انڈین پینل کوڈ اور انسداد کرپشن ایکٹ کے تحت راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادیو پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر لالو پرساد یادیو جرمانہ ادا نہیں کرتے تو انہیں مزید 6 ماہ تک جیل میں رہنا پڑے گا۔

دوسری جانب لالو پرساد یادیو کے بیٹے تجیشوی یادیو کا کہنا ہے کہ انہیں عدالت پر اعتماد ہے اور عدالت اپنا کام کر رہی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدالتی حکم نامے کا جائزہ لینے کے بعد ہائی کورٹ سے ضمانت کی دراخواست دائر کی جائے گی۔

خیال رہے کہ سی بی آئی عدالت نے گزشتہ برس 23 دسمبر کو لالو پرساد یادیو اور 15 دیگر افراد پر 1990 سے 1994 کے دوران ریاست بہار کے ضلعی وزارت خزانہ سے فراڈ کے ذریعے 84 لاکھ سے زائد رقم نکلوائی تھی۔

لالو پرساد یادیو پر چارہ فراڈ اسکینڈل کے پانچ میں سے پہلے کیس میں 2013 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی، اس کیس میں انہیں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

لالو پرساد یادیو کا اس کیس کی سماعت کے دوران کہنا تھا کہ میرا چارہ فراڈ کیس سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے لہذا میری عمر کو مد نظر رکھتے ہوئے کم سے کم سزا تجویز کی جائے۔


مزید خبریں :