Time 06 جنوری ، 2018
پاکستان

پاکستان اپنی سرزمین پر دہشتگردی کیخلاف جنگ جیت چکا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہا ہے اور اپنی سرزمین پر یہ جنگ جیت چکا ہے۔

برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں، پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے۔

امریکا کی جانب سے سیکیورٹی تعاون کی مد میں پاکستان کی 2 ارب ڈالر تک کی امداد روکنے کے حوالے سے رپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس حوالے سے رپورٹس حیران کن ہیں کیوں کہ پاکستان کو سول و ملٹری امداد کی مد میں مجموعی طور پر جو رقم ملی وہ تو اس رقم کا بہت ہی معمولی حصہ ہے۔

اپنے انٹرویو میں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے سول اور ملٹری امداد کے نام پر اب تک جو رقم دی وہ نہ ہونے کے برابر تھی، پچھلے پانچ برسوں میں سالانہ تقریباً ایک کروڑ ڈالر کی امریکی امداد ملی جو بہت ہی کم اور غیر اہم رقم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’میں نے اخبارات میں پڑھا کہ 250 ملین یا 500 یا 900 ملین ڈالر کی رقم کاٹی گئی، کم سے کم ہمیں تو اس امداد کے بارے میں کچھ علم نہیں‘‘۔

’امریکی صدر کے الزامات گمراہ کن ہیں‘

وزیراعظم نے امریکی صدر کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ڈبل گیم کھیلنے کے الزام کو مسترد کیا اور دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام کو گمراہ کن قرار دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور اس نے ہمیشہ بین الاقوامی کنونشنز کی پابندی کی ہے اور آج ہم دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہے ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’’ہم دہشت گردی کے خلاف دنیا کی جنگ اپنے وسائل سے لڑ رہے ہیں اور اس پر عالمی برادری کو ہمیں سراہنا چاہیے‘‘۔

’پاکستانی معیشت کو 120 ارب ڈالر کا نقصان ہوا‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس جنگ میں پاکستانی معیشت کو 120 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، ہم دہشت گردوں سے لڑرہے ہیں، اس پر کوئی یہ کہتا ہے کہ ہم دہشت گردوں کو پال رہے ہیں تو وہ مبالغے سے کام لے رہا ہے، ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ دنیا اس بات کا ادراک کرے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’’ہم نے ہر سطح پر امریکا کو ساتھ رکھا، انہیں واضح کیا پاکستان اب تک کیا کرچکا ہے اور اس حوالے سے دیگر ممالک کو بھی آگاہ کیا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ باقی دنیا افغانستان میں دہشت گردوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوئی ہے جو آج سرحد پار سے پاکستان پر حملے کرتے ہیں، پاکستان اپنی سرزمین میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے۔

پاک امریکا تعلقات میں تناؤ

خیال رہے کہ 2018 کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں تناؤ پیدا ہوگیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔

اس کے بعد امریکا نے پاکستان کی امداد بند کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانا شروع کردیے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک پاکستان کی معاونت معطل رہے گی۔

دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔

مزید خبریں :