07 جنوری ، 2018
کراچی کینٹ اسٹیشن سے لانڈھی تک تجاوزات کے خاتمے کے لئے کے ایم سی کی جانب سے آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
اینٹی انکروچمنٹ سیل حکام کا کہنا ہے کہ چار مرحلوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق تجاوزات میں ہزاروں کی تعداد میں مکانات اور دیگر تعمیرات شامل ہیں جنہیں ہیوی مشینری، پولیس اور رینجرز کی سیکیورٹی کے بغیر ہٹانا ناممکن ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ چند روز قبل میئر کراچی وسیم اختر سے پاکستان ریلوے کے ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے اعجاز احمد برڑوکی ملاقات ہوئی تھی۔
ملاقات میں اعجاز احمد کی جانب سے پاکستان ریلوے کی زمینوں پر تجاوزات کے خاتمے اور ریلوے لائن کے اطراف صفائی ستھرائی اور گرین بیلٹ بنانے کے لئے اقدامات کی درخواست کی گئی تھی۔
وسیم اختر نے پاکستان ریلوے کی اراضی پر قبضے اورغیرقانونی تجاوزات کے خاتمے میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا تھا۔