Time 09 جنوری ، 2018
کھیل

دوسرا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی


نیلسن: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں کیویز نے گرین شرٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 247 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم بارش کے باعث کیویز کی اننگز 25 اوورز تک محدود کرکے اسے 151 رنز کا نیا ہدف دیا گیا، جو اس نے 24 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

بارش کے آغاز سے قبل نیوزی لینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی اننگز

دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستان کا ٹاپ آرڈر دوسرے ون ڈے میں بھی ناکام نظر آیا اور اظہر علی 6، امام الحق 2، بابر اعظم10 اور شعیب ملک 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اسی طرح کپتان سرفراز احمد 3 اور فہیم اشرف 7 رنز بنا پائے۔

محمد حفیظ نے شاندار 60 رنز بنائے اور  ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 6 ہزار رنز بنانے والے 10ویں پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔













 شاداب خان (52 رنز) اور حسن علی (51 رنز) کی نصف سنچریوں کی بدولت اسکور آگے بڑھا اور پاکستان ٹیم نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 246 بنالیے۔

حسن علی اپنے مخصوص اسٹائل میں نصف سنچری کا جشن مناتے ہوئے—۔فوٹو/ گیٹی امیجز
شاداب خان  نے نصف سنچری بنائی—۔فوٹو/ اے ایف پی

نیوزی لینڈ کی اننگز

247 رنز ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کے اوپنر کولن منرو صفر رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، وہ پہلے اوور میں محمد عامر کا شکار بنے۔

جبکہ کیویز کپتان کین ولیم سن فہیم اشرف کی بال پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

بارش کے آغاز تک کیویز ٹیم 64 رنز بنا پائی جبکہ اس کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

بعدازاں میچ کے دوبارہ آغاز پر نیوزی لینڈ کی اننگز 25 اوورز تک محدود کرکے اسے 151 رنز کا ہدف دیا گیا، جو کیویز نے 24 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

 بارش کے آغاز تک کیویز ٹیم 64 رنز بنا پائی تھی—۔فوٹو/ اے ایف پی

واضح رہے کہ 6 جنوری کو کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے ذریعے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دی تھی۔

آج کے میچ میں پاکستانی بلے باز فخر زمان انجری کے باعث شامل نہیں تھے، ان کی جگہ 22 سالہ امام الحق کو کھلایا گیا۔

ٹیمیں:

پاکستان

اظہر علی، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظم شعیب ملک، سرفراز احمد (کپتان/وکٹ کیپر)، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، رومان رئیس۔

نیوزی لینڈ

مارٹن گپتل، کولن منرو، کین ولیم سن (کپتان)، روس ٹیلر، ٹوم لیتھم (وکٹ کیپر)، ہینری نکولس، مچل سینٹنر، ٹوڈ ایسل، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ۔


مزید خبریں :