10 جنوری ، 2018
لاہور: کسٹم حکام نے ابو ظہبی جانے والی غیر ملکی خاتون سے 9 کلو ہیروئن برآمد کرکے اسے حراست میں لے لیا۔
جیونیوز کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر ایک غیر ملکی مشکوک خاتون کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے 9 کلو ہیروئن برآمد ہوئی جس پر کسٹم حکام نے منشیات تحویل میں لے کر خاتون کو بھی حراست میں لے لیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق خاتون اینٹی نارکوٹکس کے دونوں کاؤنٹرز سے گزر چکی تھی تاہم بعد میں خاتون کے سامان کی تلاشی لینے پر منشیات برآمد کی گئی۔
خاتون سے منشیات برآمد ہونے کے بعد اسے حراست میں لینے کے لیے کسٹم اور اے این ایف حکام آپس میں ہی الجھ پڑے اور ایک دوسرے کو قانونی داؤ پیچ سکھانے لگے تاہم کسٹم حکام نے کچھ دیر کی بحث و تکرار کے بعد خاتون کو اپنی حراست میں لے لیا۔
کسٹم حکام کے مطابق 21 سالہ خاتون کا تعلق یورپی ملک چیک جمہوریہ سے ہے اور اس کے ویزے پر نام ’ٹیریزا‘ درج ہے جب کہ خاتون فیملی ویزے پر پاکستان آئی تھی جسے اب کسٹم ہاؤس منتقل کردیا گیا ہے۔
کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی نشاندہی پر شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔