17 جنوری ، 2018
لاہور: لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مقصود احمد کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مقصود احمد کو آئین کے آرٹیکل 105 اور 242 (1بی) کے تحت تین سال کے لیے پنجاب پبلک سروس کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن پر گورنر پنجاب کے دستخط موجود ہیں۔
مقصود احمد اپریل 1980 کے دوران 61 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے فرنٹیئر فورس رجمنٹ کا حصہ رہے ہیں۔
میجر جنرل کے عہدے پر پہنچنے کے بعد مقصود احمد 12 ویں انفنٹری ڈویژن مری کے سربراہ رہے جبکہ 2013 میں انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی تھی۔
اس کے علاوہ مقصود احمد کور فور لاہور کے کمانڈر بھی رہے ہیں جبکہ اگست 2013 میں انہیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون کی جانب سے اقوام متحدہ کے امن آپریشن کے لیے ملٹری ایڈوائزر مقرر کیا گیا تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد ، لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا اور لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام کے دور میں انٹرسروسز انٹیلی جنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بھی رہے ہیں۔